29 مئی 2011
وقت اشاعت: 6:0
ملک کے بیشتر علاقے گرمی کی لپیٹ میں، کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ جاری
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ خیبرپختونخوا کے کچھ حصوں میں موسم ابر آلود ہے ۔اس دوران کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ اورکم وولٹیج سے عوام مشکلات کا شکار ہیں ۔سندھ کے مختلف شہروں میں موسم گرم اور خشک ہے اس دوران کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ بھی جاری ہے۔کئی علاقوں میں کم وولٹیج کی وجہ سے بجلی کی آلات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔حیدر آباد،نوابشاہ ،سکھر ،اوباڑو ،گھوٹکی سمیت مختلف شہری علاقوں میں12اور دیہی علاقوں میں14گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔فیصل آباد،سرگودھا اور ملتان میں گرم موسم کے دوران 14سے18گھنٹے کی طویل لوڈ شیڈنگ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ ڈیرہ غازی خان میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لوڈ شیڈنگ کے دورانئے میں اضافہ کردیاگیاہے۔خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں موسم ابر آلود ہے ۔سوات،مانسہرہ ،ڈیرہ اسماعیل خان ،کرک سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہو رہی ہے ۔تاہم کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ شمالی و جنوبی بلوچستان کے شہری علاقوں میں12 اور دیہی علاقوں میں18گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے ۔چمن میں گزشتہ روزکی بارش کے بعد بھی گرمی میں کمی نہیں ہوئی۔