15 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:39
بدین : ندی نالوں میں پڑنے والے شگافوں کی تباہ کاریاں جاری
جنگ نیوز -
بدین ... ضلع بدین میں ندی نالوں میں پڑنے والے شگافوں کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ایل بی او ڈی سیم نالے میں پڑنے والا شگاف 200 فٹ چوڑا ہوگیا اور اس سے نکلنے والا سیلابی ریلہ پنگریو شہر کی حدود میں داخل ہوگیا ہے۔ضلع بدین میں طوفانی بارشوں کے بعد سیم نالوں اور نہروں میں شدید طغیانی آگئی ہے۔ایشیا کے سب سے بڑے سیم نالے لیفٹ بینک آوٴٹ فال ڈرین میں دو روز قبل پڑنیوالا شگاف متعلقہ اداروں کی لاپروائی کے باعث دو سو فٹ چوڑا ہوگیا ہے اوراس سے نکلنے والاسیلابی ریلہ سو سے زائد دیہات کو غرق کرتاہوا پنگریو شہر کی حدود میں داخل ہوگیا ہے۔ جس سے شہر میں قائم گرڈ اسٹیشن زیرآب آگیا ہے۔شہر کے نشیبی علاقوں سے شہریوں کی اکثریت پہلے ہی نقل مکانی کرچکی تھی تاہم اب بھی شہر میں بڑی تعداد میں موجود لوگ خطرات میں گھرے ہوئے ہیں۔دوسری جانب پاک فوج اور بحریہ کے جوان متاثرہ دیہات میں پھنسے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ خصوصی بوٹس کے ذریعے متاثرین کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کررہے ہیں۔ جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم ریلیف کیمپوں میں متاثرین کوشدید مشکلات کاسامنا ہے اوروہ حکومتی امداد کے منتظرہیں۔ یہاں موجود متاثرین نے آج چوتھے روز بھی پانی پی کر اور بچاکھچا کھانا کھاکر سحری کی۔