تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
15 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:55

نالہ ڈیک کا سیلابی ریلہ،نارووال پسرور میں چاول کی فصل بہا لے گیا

جنگ نیوز -


گوجرانوالہ…نالہ ڈیک میں آنے والے سیلابی ریلے نے ناروال اور پسرور کے عوام کو ان کی سالہا سال کی محنت سے محروم کر دیا۔ چاول کی ہزاروں ایکڑ کی فصل سیلابی ریلا بہا کر لے گیا ،جبکہ 12سے زائد دیہات پانی میں مکمل ڈوب گئے۔ نالہ ڈیک میں 12اگست کی رات آنے والے 30 ہزار کیوسک پانی کے ریلے نے جہاں قلعہ احمد آباد میں داخل ہوکر اسکی گلیوں محلوں میں اپنے نشانات چھوڑے وہیں آس پاس کے 40 سے زائد دیہات کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ قلعہ احمد آباد میں سے تو پانی نکل گیالیکن سیلابی ریلے نے متعدد عارضی بند توڑ دئیے اور ضلع ناروال کے دیگر 12 دیہات پانی میں ڈوب گئے۔ تاحدِنگاہ نظر آنے والے پانی میں دھان ،باجرہ اور چارے کی فصلیں ڈوب گئی ہیں۔ ان علاقوں کے رہنے والوں کا کہنا ہے کہ نالہ ڈیک انتظامیہ کی غلط پالیسی کے سبب وہ سالہاسال سے خمیازہ بھگت رہے ہیں نالہ ڈیک کے سیلابی ریلہ نے جہاں فصلوں اور مکانوں کو نقصان پہنچایا وہیں گوجرانوالہ میں نواحی گاوٴں واہنڈو پل اور مریدکے سے نارووال جانے والے ٹوٹ گئے۔زیر آب دیہات کا سیلابی ریلے کی وجہ سے شہروں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے ان دیہات کے آس پاس کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے کئی روز سے یہاں کے عوام گھروں میں محصور ہیں اور بعض علاقوں کے لوگ نقل مکانی کر رہے ہیں تو کہیں بے بسی کے ساتھ پانی اترنے کا انتظار کیا جارہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ پانچ روز سے یہ ہی حال ہے، گھر وں میں جو کچھ جمع تھا اسی پرگزارا ہورہا ہے۔اور اب جانوروں کے لیے چارہ بھی نہیں ہے سیلاب زدہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں بھی اپنا کام کر رہی ہیں اور ریسکیو 1122 کے جوان بھی متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو نکالنے میں مصروف ہیں تاہم لوگوں کا کہنا ہے حکومت ان کی فصلیں تباہ ہونے کا نوٹس لے کر ازالہ کرے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.