28 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:5
فوج کراچیکے مسئلے کا مستقل حل نہیں،وزیراعظم
جنگ نیوز -
لاہور…وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ فوج کو کراچی آنے کا شوق نہیں اور نہ ہی فوج مسئلے کا مستقل حل ہے۔ رینجرز اور پولیس کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ کراچی اور بلوچستان میں غیر ملکی ہاتھ کی موجودگی کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔اسٹیٹ گیسٹ ہاوس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن جنگ لڑ رہا ہے سی آئی اے کے ساتھ مل کر ہائی ویلیو ٹارگٹ کے خلاف کام کیا۔ یہ تاثر درست نہیں کہ امریکہ سے دباوٴ میں آ کر بات کرتے ہیں۔ وزیراعظم کاکہنا تھا کہ آغازحقوق بلوچستان پر ستر فیصد عمل کیا۔ علیحدگی کی باتیں کرنے والی لیڈرشپ سے بھی بات ہوئی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جلد انرجی کانفرنس بلائیں گے، لوڈ شیڈنگ پر قابو کرنا بس میں نہیں تاہم غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کر کے شیڈولڈ لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہباز تاثیر کے اغوا پر پیپلزپارٹی جذباتی ہے اور ردعمل فطری ہے۔ شہباز شریف تنقید کر کے حکومت کی اصلاح کر رہے ہیں ان کا اپنا منشور ہے اگر وہ امن و امان کی بہتری کے لئے مشورہ مانگیں گے تو پہلے کی طرح انہیں مفید مشورے دوں گا۔