28 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:28
ذوالفقارمرزا کے بیان سے پارٹی کاتعلق نہیں،فردوس عاشق
جنگ نیوز -
لاہور…وفاقی وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ذوالفقار مرزا کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے ۔پارٹی کا اس سے کوئی تعلق نہیں ، رحمن ملک اپنا دفاع خود کریں گے ۔ انہوں نے یہ بات کیولری گراوٴنڈ لاہور میں سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کسی کی ذاتی رائے سے فیصلے تبدیل نہیں ہوسکتے،پارٹی قیادت سارے معاملے پر مناسب وقت پر رد عمل دیگی جبکہ پارٹی ڈسپلن کو یقینی بنانے کے حوالے سے بھی دیکھے گی ۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سلمان تاثیر کے قتل کے بعد انکی فیملی کی سکیورٹی کیلئے مناسب حکمت عملی اختیار کی جاتی تو شہباز تاثیر کے اغوا کا واقعہ پیش نہ آتا،شہباز کی بازیابی کو پنجاب حکومت اور متعلقہ ادارے یقینی بنائیں۔ان کا کہنا تھا کہ لاء اینڈ آرڈر صوبائی حکومت کی ڈمہ داری ہے تاہم جہاں ضرورت ہوگی وفاقی حکومت ضرور معاونت فراہم کرے گی۔