28 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:39
شہباز تاثیر کا اغوا :حراست میں لئے گئے دو گھریلو ملازمین کو رہا کر دیا گیا
جنگ نیوز -
لاہور…سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کے اغوا کے بعد حراست میں لئے گئے دو گھریلو ملازمین کو رہا کر دیا گیا ہے جبکہ دوسری طرف شہباز تاثیر کے اغوا کیس کی تفتیش میں اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے اتوار کی شام شہباز تاثیر کے اغوا کے حوالے سے ہونیوالے انکوائری کمیٹی کے اجلاس میں اعلیٰ تفتیشی پولیس افسران کا زیادہ ترجھکاؤ شہباز تاثیر کی فیملی اور ان کے ملازمین کی انٹروگیشن پر رہا تاہم شہباز تاثیر کے اغوا کیس میں تین روز گزرنے کے باوجود کوئی ٹھوس شواہد نہ مل سکے۔ اجلاس میں سی سی پی او لاہور ملک احمد رضا طاہر، ایس پی سی آئی اے عمر ورک، ایس پی انوسٹی گیشن ماڈل ٹاون خرم شعیب اور دیگر افسران شریک تھے۔ اس سے پہلے پولیس نے شہباز تاثیر کے دونوں ملازمین خیام اورناصر کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لیا تھا جن سے پوچھ گچھ کے بعد انہیں چھوڑ دیا گیا ہے۔ 26 اگست کو لاہور کے علاقے گلبرگ سے اغوا ہونیوالے شہباز تاثیر کو ابھی تک بازیاب نہیں کروایا جاسکا تاہم پولیس کی طرف سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ مغوی کو لاہورسے باہر نہیں لے جایا گیا۔