تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:6

کوہستان،سیلابی ریلے میں بہنے والے مزید9افرادکی لاشیں مل گئیں

جنگ نیوز -


مانسہرہ…کوہستان کی تحصیل کندیا میں چار روز قبل سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 63افرادمیں سے مزید 9 افراد کی لاشیں مل گئی۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے اب تک 48 افراد کی لاشیں مل چکی ہیں جبکہ 15 افراد اب بھی لاپتہ ہیں ۔ڈی سی او کوہستان سیدامتیاز شاہ کے مطابق لاپتہ افراد کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تحصیل کندیا میں موسم نہایت خراب ہے اور ہیلی کاپٹر سروس اور امدادی کارروائیاں متاثر ہیں۔ تاہم متاثرہ تحصیل میں پاک فوج نے بھرپورریسکیوآپریشن جاری رکھا ہوا ہے اور متاثرہ علاقوں میں بچ جانے والے خاندانوں کو تین ماہ کا راشن اور دیگر ضروری اشیاء پہنچا دی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق کوہستان کی دورافتادہ تحصیل کندیا میں چارروز پہلے بارش کے بعد سیلابی ریلے میں 63افرادبہہ گئے تھے ، متعدد مکانات تباہ اور فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔ انتظامیہ کے مطابق رات گئے مزید 9 افراد کی لاشیں متاثرہ تحصیل سے مل گئی ہیں جبکہ 15 اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کو شناخت کے بعد ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.