29 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:47
ذہنی دباؤ اور بے خوابی بھی موٹاپے کا سبب بنتی ہے، طبی ماہرین
جنگ نیوز -
فلوریڈا…جنگ نیوز… امریکی طبی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ ذہنی دباؤ، بے خوابی اور مختلف الرجیز بھی موٹاپے کا سبب بنتی ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق آج کی تیز رفتار دنیا میں بیشتر افراد ذہنی دباؤ اور نیند کی کمی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے انسان کا میٹابولزم کا نظام متاثر ہوتا ہے اور جسم میں غیر ضروری کیلوریز بننے کا عمل شروع ہو جاتا ہے۔ ذہنی دباؤ اور نیند کی کمی کی وجہ سے جسم میں فاسد مادے بنتے ہیں جو بہت سی مہلک بیماریوں کا پیش خیمہ ہو سکتے ہیں۔ یونیورسٹی آف ساؤتھ فلوریڈا کی تحقیق کے مطابق الرجیز، سانس کی الرجی اور معدے پر ورم، سر میں درد سے بھی وزن میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ بہت سی ایسی علامات جیسے پیٹ اور کندھوں میں درد، مسلسل کھانسی، سستی اور یادداشت کی کمی بھی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ آپ کے وزن میں اضافہ ہو رہا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق موٹاپا بذات خود ایک بڑی بیماری ہے جو پرتعش اور مصائب سے بھرپور جدید زندگی کا تحفہ ہے۔ ماہرین نے کہا کہ ہر انسان کیلئے چھ گھنٹے نیند کرنا ضروری ہے اور سادہ طرز زندگی اپنانے سے اس قسم کی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔