4 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:12
پاک بھارت کرکٹ سیریز ملائیشیا یا سری لنکا میں ہوسکتی ہے، اعجاز بٹ
جنگ نیوز -
لاہور…طویل انتظار کے بعد ہونیوالی پاک بھارت کرکٹ سیریز کا میزبان انگلینڈ نہیں ہوگا، پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ کے مطابق آئندہ سال دونوں ممالک کے درمیان سیریز امارات، ملائیشیا یا سری لنکا میں ہو سکتی ہے۔ایک انٹرویو میں اعجاز بٹ نے کہا کہ ہے کہ اگلے سال لندن میں اولمپکس ہونے ہیں اسلئے انگلینڈ نے پاک بھارت سیریز کی میزبانی سے معذرت کر لی ہے جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس میزبانی کیلئے متحدہ عرب امارات، ملائیشیا اور سری لنکا کے آپشنز موجود ہیں۔ اعجاز بٹ نے کہا کہ بھارتی بورڈ سے مذاکرات کے بعد ہی حتمی فیصلہ ہو گا،دونوں ممالک کے درمیان سیریز بھارت میں ہونے کے امکانات بھی موجود ہیں۔اعجاز بٹ نے کہا کہ مالی معاملات میں بہتری کیلئے تین ٹیسٹ ،پانچ ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کا انعقاد دو حصوں میں کیا جا سکتا ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ خراب حالات کی وجہ سے دیگر سیریز نیوٹرل وینیوز پرکھیلی ہیں، بھارت سے سیریز بھی نیوٹرل وینیو پر ہو سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کیلئے اگر سیریز بھارت میں کھیلنا پڑی تو زیادہ خوشی ہو گی لیکن اگر بھارتی ٹیم نے پاکستان آ کر سیریز کھیلنا پسند کیا تو بہت بڑی بات ہو گی۔