4 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:24
باکسنگ فیڈریشن نے محمد وسیم 50 کے جی میں لڑنے کی نوید سنا دی
جنگ نیوز -
کراچی…شکیل یامین کانگا … پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے محمد وسیم کے سامنے ہتھیار ڈالتے ہوئے انہیں 50 کے جی میں لڑنے کی نوید سنا دی، باکو میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستان کے پانچ باکسرز حصہ لے رہے ہیں، چیمپئن شپ اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کا بھی درجہ رکھتی ہے، فیڈریشن نے انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی باکسر ہارون اقبال کو محمد وسیم پر ترجیح دیتے ہوئے 52 کے جی میں لڑانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن لیکن وسیم کے سخت رویہ اختیار کرنے اور ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت نہ کرنے پر فیڈریشن کے سیکرٹری محمد اکرم خان نے انہیں اسلام آباد کیمپ میں فون کرکے 52 کے جی میں لڑنے کی خوش خبری سنا دی۔ ٹاپ پاکستانی باکسر محمد وسیم نے اسلام آباد سے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ فیڈریشن کے سیکرٹری محمد اکرم خان نے اتوار کو ٹیلی فون پر ورلڈ چیمپئن شپ میں 52 ویٹ کیٹگری میں لڑنے کی اجازت دیدی ہے، اس سے قبل ان کا کہنا تھاکہ اپنا ویٹ کم کرو اور 49 کے جی میں فائٹ لڑنا ہے، وسیم نے بتایا کہ میں اپنا وزن 57 اور 56 سے کم کرکے 52 میں فائٹ لڑتا ہوں، اگر اس سے بھی کم وزن کروں گا تو میری طبیعت خراب ہوجاتی ہے اس سے قبل بھی ہارون اقبال کو میری ویٹ کیٹگری میں لڑا دیا گیا تھا اور میں کم ویٹ میں اپنی کارکردگی بہتر نہیں کرسکا تھا۔ ورلڈ چیمپئن شپ میں نے وزن کم کرکے 49 کے جی میں لڑنے سے انکار کیا تو پھر فیڈریشن نے میری بات مانتے ہوئے 52 میں لڑنے کیلئے ٹیلی فون کے ذریعے اطلاع دی ہے۔ فیصل حسین راجہ کے قومی کوچ بنائے جانے کے سوال پر محمد وسیم نے بتایا کہ میں تو اس شخص کو جانتا بھی نہیں، وہ جب ٹیم کوجوائن کریں گے تو پھر ان سے ٹریننگ لیں گے لیکن کیمپ میں موجود کوچ کو بھی دو دن قبل تک نہیں پتہ تھا کہ فیصل کو ہماری ٹیم کا کوچ بنا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ورلڈ چیپمئن شپ میں 52 ویٹ کیٹگری مقابلوں کیلئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے عہدیدار تجربہ کار پاکستانی باکسرر محمد وسیم پر پاکستانی نژاد ہارون اقبال کو ترجیح دے رہے تھے جس کی وجہ سے پی بی ایف کی انگلینڈ کے باکسروں پر مہربانی سے ملک میں رہنے والے اور مختلف ایونٹس میں مقابلہ کرنے والے باکسرز مایوسی کا شکار تھے۔ ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ 22 ستمبر سے 10 اکتوبر تک آزر بائی جان کے دارالحکومت باکو میں منعقد ہورہی ہے یہ چیمپئن شپ لندن اولمپکس کے کوالیفائنگ راؤنڈ کا بھی درجہ رکھتی ہے۔ ورلڈ چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل تک پہنچنے والے باکسرز لندن اولمپکس کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں کھیلنے کے اہل ہوں گے۔ چیمپئن شپ کیلئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے جن کھلاڑیوں کی انٹریز بھیجی ہیں ان میں ہارون اقبال، محمد وسیم، سید محمد حسین، عامر خان، نثار خان اور حسن محمود شامل ہیں۔ دریں اثناء دوسرا بینظیر بھٹو باکسنگ ٹورنامنٹ 20 سے 27 اکتوبر تک اسلام آباد میں ہوگا جس کیلئے حکومت نے فیڈریشن کی جانب سے مانگی گئی 30 ملین رقم کا 95 فیصد ادا کردیا ہے۔