5 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 4:29
رنی کوٹ ڈیم کے 2دروازے ٹوٹ گئے،200سے زائد دیہات زیرآب
جنگ نیوز -
جامشورو ... جامشورو میں موسلادھار بارشوں کے بعد رنی کوٹ ڈیم میں پانی کی سطح انتہائی حد سے تجاوز کرگئی۔ڈیم کے دروازے ٹوٹنے کے باعث دو سو سے زائد دیہات اور وسیع رقبے پر کاشت فصلیں زیر آب آگئیں۔ذرائع کے مطابق جامشورو کے علاقے سن کے قریب واقع رنی کوٹ ڈیم کا پانی شدید بارشوں کے بعد اوور فلو ہوگیا ہے جبکہ پانی کے دباوٴ کے باعث ڈیم کے دونوں دروازے ٹوٹ گئے ہیں۔جس کے باعث تحصیل مانجھن کے دو سو سے زائد گاوٴں اور سینکڑوں ایکڑ پر کاشت فصلیں زیر آب آگئیں۔ڈپٹی ڈی ایس ریلوے نثار احمد کے مطابق سن کے قریب ریلوے ٹریک کا ایک کلومیٹر طویل حصہ بھی پانی کے ریلے میں بہہ گیا جس سے ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوچکی ہے۔ڈپٹی ڈی ایس کے مطابق ٹریک کا مرمتی کام شروع کردیا گیا ہے جس کی بحالی میں ایک ہفتہ لگے گا۔