5 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 6:55
سپریم کورٹ:کراچی میں بدامنی کی صورتحال پر ازخودنوٹس کی سماعت
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں سپریم کورٹ کی لارجربنچ آج کراچی بدامنی ازخودنوٹس کی سماعت دوبارہ شروع کریگی۔ گزشتہ سماعت پرچیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دئیے کہ بنیادی حقوق کا تحفظ وزیراعلی اور ان کی حکومت کا کام ہے۔ وہ یہ ذمہ داری ادا نہیں کریں گے تو عدالت مداخلت کرے گی۔کراچی رجسٹری سپریم کورٹ میں گزشتہ دوسماعتوں میں آئی جی سندھ واجددرانی اورحکومت سندھ کی جانب سے عبدل حفیظ پیرزادہ نے اپنے دلائل مکمل کئے۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخارمحمد چوہدری نے آئی جی سندھ کو حکم دیا کہ جیو کے پروگرام کی سی ڈی حاصل کریں اور چاروں مغویوں اور بازیاب کرائے گئے دیگر اٹھارہ افراد کا بیان قلم بند کرکے ملزموں کو تلاش کریں۔بنچ نے آئی جی سندھ کوحکم دیاہے کہ ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری پررپورٹ پیشں کریں۔لارجربنچ نے اٹارنی جنرل کو دیگرانٹیلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹ پیش کرنے کابھی حکم دیا۔۔جسٹس افتخارمحمد چوہدری نے ریمارکس دیئے کہ بنیادی حقوق کا تحفظ وزیراعلی اور ان کی حکومت کا کام ہے۔ وہ یہ ذمہ داری ادا نہیں کریں گے تو عدالت مداخلت کرے گی۔ دوسری جانب جماعت اسلامی ، سندھ بچاوٴ کمیٹی ، عوامی تحریک،اے این پی ، کراچی بار ایسوسی ایشن اور دیگر نے بھی فریق بننے کی درخواستیں دائر کردیں۔آج سماعت کے موقع پراے این پی کے وکیل افتخارگیلانی دلائل دیں گے۔