8 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:52
محب وطن شہری ہوں،میرے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے،رحمن ملک
جنگ نیوز -
اسلام آباد…جنگ نیوز…وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ کراچی میں 450 قتل میں ملوث 42 ٹارگٹ کلرز پکڑے ہیں،محب وطن شہری ہوں میرے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پارلیمنٹ اور قائمہ کمیٹی کا احترام کرتاہوں ،کبھی بھی کسی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکار نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ میں ایک محب وطن شہری ہوں، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ پر قابو پانے پر میرے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے، ذوالفقار مرزا کا اب بھی احترام کرتا ہوں ،میں نے اپنی گفتگو ٹیپ ہونے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ،رحمن ملک کا کہنا تھا کہ کراچی میں آپریشن کے دوران حقیقی ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا ہے ،ٹارگٹ کلرز کو پکڑنے پر کسی جماعت نے غلط نہیں کہا، گرفتار ٹارگٹ کلرز کی کل تعداد42 کے لگ بھگ ہے جو کہ450 قتل میں ملوث ہیں ،میرے کہنے پر کسی ٹارگٹ کلرز کو نہیں چھوڑا گیا ،ہر ٹارگٹ کلرز 8 سے زائد قتل میں ملوث ہیں ،گرفتار ہونے والے ملزمان کا تعلق سیاسی جماعتوں سے بھی ہے۔ایک سوال پروفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ القاعدہ لیڈر یونس الموریطانی پاکستان کی حراست میں ہے اور امریکہ نے اس کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے ،بلوچستان میں طالبان کی موجودگی کا پہلے ہی بتا چکا ہوں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود افغان مہاجرین خود کش حملہ آور بن رہے ہیں ،اقوام متحدہ کو خط لکھ رہے ہیں کہ افغان مہاجرین کو واپس افغانستان بھجوایا جائے انہوں نے کہا کہ کراچی بد امنی از خود نوٹس کی سماعت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔