8 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:27
جنرل کیانی کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس، کراچی کی صورتحال پرغور
جنگ نیوز -
راولپنڈی . . . . . آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس راولپنڈی میں ہوئی جس کی سرکاری طور پر تو کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی تاہم عسکری ذرائع کے مطابق کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی میں امن کیلئے فوج قانون نافذ کرنیوالے سول اداروں کے ساتھ مل کر کام کریگی۔ راولپنڈی میں ہونیوالی 142 ویں کورکمانڈرز کانفرنس کی سرکاری طور پر صرف ایک تصویر جاری کی گئی ہے مگر آئی ایس پی آر نے کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا۔ جیو نیوز کے نمائندے عاصم علی رانا کو عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی میں امن ہر صورت بحال کیا جائے گا اور اس سلسلے میں فوج اور قانون نافذ کرنیوالے سول ادارے مل کر کام کریں گے۔ ذرائع کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں ڈی جی آئی ایس آئی نے کوئٹہ سے گرفتار القاعدہ کے اہم رہ نما یونس الموریطانی اور اس کے دہشت گرد ساتھیوں کی گرفتاری سے متعلق بریفنگ دی۔ عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف پاک، امریکا تعاون جاری رکھا جائیگا۔ عسکری ذرائع کے مطابق کور کمانڈرز کانفرس میں چترال میں سکیورٹی چیک پوسٹوں پر افغانستان سے دہشت گرد حملوں سے پیدا صورتحال اور پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر بھی غور کیا گیا۔