15 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 9:32
بھارت میں افراط زر کی شرح 9.78 فیصد تک پہنچ گئی
جنگ نیوز -
نئی دہلی…جنگ نیوز… بھارت میں افراط زر کی شرح 9.78 فیصد تک پہنچ گئی جو گزشتہ ایک برس میں سب سے زیادہ ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق افراط زرکی شرح میں اضافہ ، غذائی اشیاء ، ایندھن اور کمپنیوں میں تیار شدہ اشیاء کی قیمتیں بڑھنے سے ہوا ہے۔بھارت میں عام اشیاء کی قیمتوں میں مستقل اضافہ ایک بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے جسے کم کرنے کی کوشش کے تحت ریزرو بینک آف انڈیا نے گزشتہ اٹھارہ ماہ میں 11مرتبہ سود کی شرح میں اضافہ کیا ہے۔ایک سینئر سرکاری مشیر کا کہنا ہے کہ تمام تر کوششوں کے باوجود اس برس افراط زر کی شرح نو اور دس فیصد کے درمیان ہی رہے گی۔واضح رہے کہ سود کی شرح میں اضافے سے بھارتی معیشت کی ترقی کی رفتار سست ہوئی ہے۔بھارتی حکومت نے رواں سال میں آٹھ اعشاریہ پانچ فیصد معیشت کی ترقی کا تخمینہ رکھا ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ معاشی ترقی برآمدات میں کمی سے بھی متاثر ہوسکتی ہے کیونکہ عالمی کساد بازاری سے بیرونی ممالک کو مال کی سپلائی میں کمی کا امکان ہے۔