تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
15 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:31

کراچی امن و امان از خود نوٹس کیس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ محفوظ

جنگ نیوز -


کراچی…سپریم کورٹ نے کراچی میں امن و امان سے متعلق ازخود نوٹس کیس کا فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے عبوری حکم جاری کردیا ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے عبوری حکم میں کہا ہے کہ پولیس روزانہ کی بنیاد پر مجرموں کے خلاف کئے جانے والے اقدامات سے تحریری طور پر عدالت کو آگاہ کرے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ عدالتیں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرکے ان مقدمات کو جلدی نمٹائیں۔ ، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کہا گیا ہے کہ پراسیکیوٹرز کو مناسب سہولت فراہم کریں عدالت عظمیٰ نے کہا کہ ڈی آئی جیز سرٹیفکیٹ پیش کریں کہ وہ جرائم پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ ان سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر بالخصوص بھتہ خوری کا جرم دوبارہ نہیں ہونا چاہئے ، سپریم کورٹ نے عدالت کی معاونت کرنے پرتمام فریقوں کا شکریہ ادا کیا۔۔ اس سے پہلے سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پولیس والوں کو مارا جاتا ہے اورحکومت کچھ نہیں کرتی ، چیف جسٹس نے بابر اعوان سے استفسار کیا کہ آپ سیاسی باتوں کو چھوڑیں آئینی حل بتائیں۔ بابراعوان نے اپنے دلائل میں کہا کہ ہم ڈائیلاگ کررہے ہیں ، آئین بھی ڈائیلاگ کا کہتا ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ یہ مجرموں کا معاملہ ہے یہاں ڈائیلاگ کیا ہوگا۔ بابر اعوان نے کہا کہ کراچی کی صورتحال پر متعلقہ اتھارٹی نے بہت حد تک قابو پالیا ہے اور آگے بھی یہ پالیسی جاری رکھیں گے۔ اس پر جسٹس سرمد جلال عثمانی نے ریمارکس دیئے کہ کیا جرائم پر قابو پانا پالیسی ہے۔ یہ تو آئینی ضرورت ہے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.