15 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:35
لاہور میں ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد21ہوگئی
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور میں ڈینگی وائرس نے میو اسپتال کے ملازم سمیت تین افراد کی جان لے لی۔ شہر میں مرنے والوں کی تعداد اکیس ہو گئی۔ مختلف سرکاری اسپتالوں کا عملہ، ڈاکٹرز اور عام شہریوں کی بڑی تعداد ڈینگی وائرس میں مبتلا ہے۔ اسپتالوں میں رش کے باعث مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لاہور میں ڈینگی وائرس کے سینکڑوں مریض روزانہ اسپتالوں میں داخل ہو رہے ہیں۔ آج مزید 3 افراد زندگی کی جنگ لڑتے لڑتے ڈینگی سے شکست کھا گئے۔ میو اسپتال کے اے ایم ایس ایڈمن کا نائب قاصد ایوب، نصیر آباد کا مامری خان اور فیروز پور روڈ کی جمیلہ بی بی ڈینگی وائرس کا شکار بنے۔ لاہور میں یہ جان لیوا مرض اب تک اکیس لوگوں کی زندگیاں نگل چکا ہے جبکہ چار ہزار ایک سو اٹھارہ افراد اس مرض میں مبتلا ہیں۔ سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹر اور عملہ بھی ڈینگی سے محفوظ نہیں۔ سو کے قریب ڈاکٹر اور عملے کے ارکان کو بھی مچھر نے کاٹ کر بیمار کر دیا۔ ادھر بخار میں مبتلا ہر شہری کی کوشش ہے کہ اسے اسپتال داخل کر لیا جائے۔ اس لئے نا صرف سرکاری بلکہ نجی اسپتال بھی بھرے پڑے ہیں۔ خون ٹیسٹ کرانے والوں کی لمبی لائنیں لگی ہیں۔ تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ صرف ان مریضوں کو داخل کیا جاتا ہے جن کے پلیٹ لیٹس پچاس ہزار سے کم اور انہیں شدید بخار، جسم پر نشانات اور قے کی شکایت ہو۔ ادھر سری لنکن ماہرین نے صاف کہہ دیا ہے کہ ڈینگی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے کوئی شارٹ کٹ نہیں، طویل المدت منصوبے بنانا ہوں گے۔ مناسب احتیاطی تدابیرسے ڈینگی کے مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے۔