15 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:46
خوراک کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ فصلوں سے ایندھن کا حصول ہے، ماہرین
جنگ نیوز -
واشنگٹن…جنگ نیوز…پاکستان سمیت دنیا کے اکثر ملکوں میں مہنگائی بالخصوص خوراک کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں روز کا معمول بن چکی ہیں۔کھانے پینے کی چیزوں میں اضافے کا رجحان گذشتہ چند برسوں سے جاری ہے اور مختلف علاقوں اور ممالک میں اس رجحان کی وجوہات مختلف ہیں ، لیکن ماہرین کا کہناہے کہ خوراک کی قیمتوں میں اضافے کے زیادہ تر بنیادی عوامل ایک جیسے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوام ِ متحدہ کی جانب سے خوراک کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کی فہرست میں اضافے کا سلسلہ گذشتہ جولائی سے شروع ہو کر اس سال جنوری میں ریکارڈ سطح پر آکر ختم ہوا ، لیکن اس کے بعد سے اب تک قیمتوں میں کمی نہیں دیکھی جا سکی۔ اقوام ِ متحدہ کی اس فہرست میں آخری مرتبہ ریکارڈ اضافہ تین سال قبل 2008ء میں نوٹ کیا گیا تھا۔ انٹرنیشنل فوڈ ریسرچ پالیسی کے سربراہ شین جین فین کا کہناہے کہ خوراک کی قیمتوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ خوراک کی فصلوں سے ایندھن کا حصول ہے۔ امریکہ میں گذشتہ کچھ برسوں میں مکئی جبکہ برازیل میں گنے کی فصل سے ایتھانول بنانے کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔جبکہ یورپ میں کنولا کی فصل سے بائیو ڈیزل بنایا جا رہا ہے۔ ایتھانول اور بائیوڈیزل خام تیل کے متبادل کے طور پر استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ گذشتہ چند برسوں میں عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ امریکی ریاست آئیوا کی اسٹیٹ یونیورسٹی کے ایک ماہر معاشیات ڈیرموٹ ہیز نے کہا کہ فی زمانہ خوراک اور توانائی کی قیمتیں ایک دوسرے پر اثر انداز ہوتی ہیں۔خام تیل کی قیمت میں اضافے سے فصلوں کوکھیتوں سے اٹھا کر دوسری جگہ تک لے جانا مزید مہنگا ہو جاتا ہے۔ اسی طرح ٹرک اور ٹریکٹرز وغیرہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔