تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
15 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:46

9/11کے دس برس:امریکی اخبار میں 38ہزار ڈالر کا پاکستانی اشتہار کس نے دیا؟

جنگ نیوز -
کراچی…رفیق مانگٹ…9/11حملوں کی دسویں برسی کے موقع پر پاکستان کی طرف سے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مشرقی ایڈیشن میں نصف صفحے کا 38ہزار ڈالر کا اشتہار شائع کرایا گیا۔اشتہار میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کیا گیا۔ پاکستان کے حکومتی ادارے اس اشتہار کی ذمہ داری قبول کرنے میں ہچکچا رہے ہیں۔ امریکی اخبار’وال اسٹریٹ جرنل‘ کی رپورٹ کے مطابق 9/11 کی دسویں برسی پر پاکستان کی طرف سے ایک اشتہار شائع کیا گیا، اشتہار کے پیچھے کس کا ہاتھ تھا، ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا۔ پاکستان کے حکومتی ادارے اس کی ذمہ داری لینے میں ہچکچا رہے ہیں۔ اشتہار میں یہ سوال اٹھایا گیا کہ ”کون سا ملک آپ کے امن کیلئے زیادہ کام کر سکتا ہے؟“ اس اشتہار میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا تفصیلی ذکر کیا گیا ہے، قربانیوں کی اس فہرست میں پاکستان کی مسلح افواج کے تین ہزار جوانوں کی شہادت کا بھی ذکر شامل ہے۔ اخبار کہا کہنا ہے کہ پاکستانی سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ اشتہار کا مقصد امریکا کے اس موٴقف کی نفی کرنا تھا کہ پاکستان طالبان عسکریت پسندوں کی مدد کر رہا ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق فوج کے تعلقات عامہ کے ڈویژن کے ترجمان بریگیڈیئر سید عظمت علی نے اس بات کی تردید کی کہ اس اشتہار کا آئیڈیا فوج نے دیا یا اس خیال کے پیچھے فوج کا ہاتھ تھا اور کہا کہ یہ وزارت انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ کا کام ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق وزارت اطلاعات نے ان سوالات کا جواب نہیں دیا۔ اخبار کے مطابق سرکاری عہدے دار کا کہنا ہے کہ فوج نے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو اشتہار شائع کرنے کا مشورہ دیا جس کے بعد وزیراعظم نے وزارت اطلاعات کوکہہ دیا۔ وزیراعظم گیلانی کے ترجمان سے رابطہ کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوئی۔ سرکاری حکام کے مطابق پاکستانیوں کی کافی تعداد اس اشتہار کو قومی خزانے کا ضیاع سمجھتی ہے۔ گیارہ ستمبر کے حملوں کی دسویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان کی طرف سے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مشرقی ایڈیشن میں نصف صفحے کے اشتہار پر 38ہزار ڈالر دئیے گئے۔ یہ اشتہار ایک نجی ایڈورٹائزنگ ایجنسی نے تشکیل کیا جو اس سے قبل آرمی کیلئے کام کرتی تھی، یہ ممکن نہیں تھا کہ اس ایڈورٹائزنگ ایجنسی کی سائٹ پر دیئے گئے فون نمبرز کے ذریعے کمپنی سے رابطہ ہوتا۔ اشتہار کا آغاز دلچسپ ہے کیونکہ یہ پہلی بار ایسا ہوا کہ پاکستان کی طاقتور فوج نے امریکا کے ساتھ عوامی اور گرم جوش بحث کیلئے ایک بڑے امریکی اخبار کے صفحات کا انتخاب کیا۔ اخبار کہتا ہے کہ پاکستانی فوج نے نیویارک ٹائمز میں اشتہار شائع کرانے کی بھی کوشش کی۔ جب اخبار کی ترجمان خاتون نے اشتہار کے بارے کچھ وضاحت طلب کی کہ آیا اس کی ادائیگی حکومت پاکستان کرے گی۔ اس سوال کے بعد ایڈورٹائزنگ ایجنسی نے نیویارک ٹائمز سے رابطہ نہیں کیا۔ ترجمان نے ایجنسی کا نام بتانے سے انکار کردیا۔ وال اسٹریٹ جرنل کی ترجمان خاتون نے اس اشتہار پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.