19 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:34
برطانیہ : غیرملکی سیاحوں اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے مہم چلانیکا فیصلہ
جنگ نیوز -
لندن…جنگ نیوز… برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ملک میں حالیہ فسادات اور ہنگامہ آرائی سے ملک کے بین الاقوامی تشخص کو پہنچنے والے نقصان کے تناظر میں بعض اقدامات کا فیصلہ کیا ہے تاکہ غیرملکی سیاحوں اور سرمایہ کاروں کو راغب کیاجاسکے۔ یہ بات برطانوی اخبار ٹیلیگراف نے اپنی رپورٹ میں کہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ سال لندن اولمپک گیمز کا انعقاد ہورہا ہے اور برطانوی وزیراعظم یہ کوشش کررہے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو ملک میں سرمایہ کاری اور سیاحت پرراغب کیا جاسکے۔ ان دونوں شعبوں کو حالیہ فسادات، لوٹ مار اور ہنگامہ آرائی سے نقصان پہنچا ہے۔ اس سلسلے میں برطانوی وزیراعظم نے اہم تجارتی اداروں اور کمپنیوں کے سربراہان کو ایک مکتوب بھی تحریر کیا ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ ملک کے تشخص کو بہتر بنانے میں انتظامیہ کی کوششوں کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک کی طرح لندن بھی گلوبل سٹی ہے جہاں مختلف ممالک، عقائد اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ ہم آہنگی کے ساتھ زندگی بسر کررہے ہیں۔