19 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 15:34
لاہور انٹر بورڈ کے نتائج میں غلطیاں،طلبا مشکلات کا شکار
جنگ نیوز -
لاہور . . . . . لاہور بورڈ کے تحت انٹرمیڈیٹ امتحانات دینے والے درجنوں طلبا کا رزلٹ ابھی تک جاری نہیں کیا گیا جبکہ اغلاط بھی درست نہیں کی گئیں۔ آج بھی بڑی تعداد میں طلبا بورڈ کے دفتر میں پریشانی کے عالم میں پھرتے رہے اور غلطیوں کو درست کرانے کے لئے گھومتے رہے۔انٹرمیڈیٹ امتحانات دینے والے طلبا کی بڑی تعداد پیر کے روز بھی لاہور بورڈ کے دفاتر پہنچی۔کئی طلبا دور دراز علاقوں سے آئے تاہم انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی طلبا کو رزلٹ کارڈ چاہئے تھا تو کسی کو اپنے نمبر درست کرانا تھے۔ طلبا کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ڈینگی کے ساتھ بچوں کے مستقبل کا بھی خیال رکھیں، کالجز اور یونیورسٹیز میں داخلے کی آخری تاریخ سر پر پہنچ گئی تاہم ابھی تک انہیں رزلٹ کارڈ نہیں دیا گیا۔بورڈ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے رزلٹ لیٹ اور غلطیوں کے ہزاروں کیس کلیئر کر دیئے ہیں، آئندہ ایک دو روز میں دیگر تمام رزلٹ بھی جاری کر دیئے جائیں گے۔