19 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 15:45
الطاف حسین کا اسفند یار کیخلاف بیان واپس لینا خوش آئند ہے،حاجی عدیل
جنگ نیوز -
پشاور . . . . . . عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر راہنما حاجی عدیل احمد نے الطاف حسین کی جانب سے اسفند یار ولی کے خلاف بیان واپس لینے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الطاف حسین جان لیں کہ کراچی کسی ایک قوم کا شہر نہیں ہے۔جیونیوز سے گفت گو میں اے این پی کے سینئر نائب صدر حاجی عدیل نے کہا کہ اگر الطاف حسین تلخیاں ختم کرنا چاہتے ہیں تو کراچی میں بسنے والے پختونوں اور دوسری قوموں کے خلاف منفی رویے پر ان سے معذرت کریں۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی میں سب کا خون پسینہ شامل ہے اور ایم کیوایم کو سمجھ لینا چاہئے کہ کراچی کسی ایک قوم کا شہر نہیں بلکہ اس میں بسنے والی تمام قوموں کا اس میں برابر کا حصہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین پختون قوم سے بھی کھلے عام معافی مانگیں تاکہ انکے بیان سے پختون قوم کی جو دل آزاری ہوئی ہے اس کا مدوا ہوسکے۔