19 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 15:45
لاہور میں ڈینگی وائرس نے مزید دو افراد کی جان لے لی
جنگ نیوز -
لاہور . . . . . لاہور میں ڈینگی وائرس نے مزید دو افراد کی جان لے لی۔ اس موذی مرض سے ہلاک والوں کی کل تعداد44 ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت پنجاب نے پانچ لاکھ گھروں میں اینٹی ڈینگی کٹس تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔جناح اسپتال لاہور میں جھنگ سے تعلق رکھنے والا گیارہ سالہ علی رضا ڈینگی سے دم توڑ گیا تاہم اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہاوٴس افسر کی غلطی سے علی رضا کے ڈیتھ سر ٹیفکیٹ پر ڈینگی لکھا گیا۔ ڈینگی وائرس سے دوسری موت میو اسپتال میں ہوئی جہاں نارووال کا پچاس سالہ عنایت دم توڑ گیا۔ ادھر محکمہ صحت پنجاب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بخار کے مریضوں کے ساتھ ایک سے زیادہ تیماردار اسپتال نہ آئیں اس سے مریضوں کے علاج میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ سری لنکن ماہرین نے رائے دی ہے کہ بخار کا مریض گھرمیں آرام کرے تین دن میں بخار نہ اترے تو پھر اسپتال سے رجوع کیا جائے۔