19 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:7
الطاف حسین کی جانب سے الزامات واپس لینے پر اسفندیار کا خیرمقدم
جنگ نیوز -
پشاور…عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے ایم کیو ایم کے قائد کی جانب سے اے این پی کیخلاف عائد کئے جانیوالے الزامات واپس لینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی محاز آرائی میں کمی سے کراچی میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوگی۔ اسفند یار ولی نے اے این پی کے مرکزی میڈیا سیل کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے الزامات واپس لینا خوش آئندہ ہے۔اس سے جمہوریت مستحکم ہوگی، پاکستان کے حقیقی اور بنیادی مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔اسفندیار ولی نے توقع ظاہر کی کہ جمہوری سوچ رکھنے والے ایک دوسرے کا میڈیا ٹرائل نہیں کریں گے۔ اسفند یار ولی نے کہا کہ ا ے این پی پرامن بقائے باہمی کے اصول پر کاربند ہے اور رنگ ، نسل، زبان ،عقیدے اور مزہب کی بنیاد پر پاکستان کے کسی شہری کے ساتھ امتیازی سلوک کو قابل مذمت جانتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو جس اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے اس کا تقاضہ ہے کہ ساسی جماعتیں مفاہمت کو فروغ دیں اور عداوت ودشمنی کو بڑھانے کی بجائے سرجوڑ کر بیٹھیں تاکہ اجتماعی دانش کے ذریعے ملک کو مسائل درپیش مسائل کا حل نکالا جاسکے۔