19 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:7
سملی ڈیم کی اراضی فروخت کرنیکا انکشاف ،سی ڈی اے سے رپورٹ طلب
جنگ نیوز -
اسلام آباد… سملی ڈیم اسلام آباد کے اطراف کی اراضی قبضہ کر کے فروخت کرنے کا انکشاف ،سی ڈی اے سے دس روز میں رپورٹ طلب کر لی گئی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ ڈویڑن کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین کمیٹی نے انکشاف کیا ہے کہ سملی ڈیم کے اطراف کی اراضی پر قبضہ کر کے فروخت کیا جا رہا ہے، جس پر سی ڈی اے حکام نے اپنی لا علمی ظاہر کی۔ ایڈیشنل سیکریٹری کابینہ ڈویژن نے بتایا کہ سی ڈی اے کو سملی ڈیم کے اطراف کی اراضی کے گرد باڑ لگانے کی ہدایت کی گئی تھی جس پر عمل نہیں ہوا۔ ایف آئی اے نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کری ماڈل ولیج کرپشن اسکینڈل میں سی ڈی اے کے نچلے درجے کے ملازمین ملوث ہیں، چیئرمین سی ڈی اے کا کہنا تھا کہ ایف آئی نے اس کیس کے باعث سی ڈی اے کے درجنوں کیسز کھول رکھے ہیں اور ہر وقت کسی نہ کسی سینئر افسر کو طلب کیے رکھا جا تا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس طرح سی ڈی اے افسران کو ہراساں نہ کیا جائے ورنہ ایف آئی اے سے تعاون ترک کر دیا جائے گا۔ اس پر ایف آئی اے حکام نے کہا کہ وہ چیئرمین سی ڈی اے سے مل کر معاملے کو حل کرلیں گے۔