19 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:23
پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈینگی وائرس کے حملے جاری
جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈینگی وائرس میں مبتلا مریضوں کے سرکاری ونجی اسپتالوں میں لائے جانے کا سلسلہ جاری ہے،اسی دوران مچھروں کے خاتمے کیلئے اسپرے بھی کیا جارہا ہے۔گوجرانوالہ میں 35 مریضوں کو ڈینگی کے شبے میں اسپتالوں میں لایا گیا جن میں سے 17 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق کی گئی ہے۔سرگودھا میں ڈینگی وائر س میں مبتلا مر یضو ں کی تعد اد بڑھ کر 94 ہو گئی ہے،ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی کے مرض کی تشخیص کیلئے مشینری اور ادویات کیلئے پنجاب حکومت سے فوری طور پر 2 کروڑ روپے طلب کئے ہیں۔ سرکاری اسپتالوں میں سہولتوں میں کمی کی وجہ سے مریضوں کی بڑی تعداد علاج کیلئے نجی اسپتالوں کا رخ کررہی ہے۔ڈی ایچ کیو اسپتال سرگودھا میں ڈینگی وائرس کے شکار 78 جبکہ سول اسپتال میں 14 افراد زیر علاج ہیں۔رحیم یارخان اور دیگر متعدد شہروں میں ڈینگی وائرس سے بچاوٴ کیلئے آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ شہروں میں مچھروں سے بچاوٴ کیلئے اسپرے بھی کیا جارہاہے۔ضلع بہاولنگر میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں ڈینگی بخار میں مبتلا 7مریض زیر علاج ہیں جبکہ بہاولپور کے بہاول وکٹوریہ اسپتال میں 2 مریض زیر علاج ہیں جبکہ 7 دیگر افراد ڈینگی کے شبے میں داخل کئے گئے ہیں۔