20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 6:20
پشاور دھماکے کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج
جنگ نیوز -
پشاور…پشاور کی نشتر آباد مارکیٹ میں موٹر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم کے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 6ہوگئی جبکہ دھماکے کی ایف آئی آر تھانہ گلبہار میں درج کر لی گئی۔ پشاور کے جی ٹی روڈ پر واقع نشترآباد میں دھماکہ سی ڈی مارکیٹ کے سامنے کھڑی موٹر سائیکل میں ہوا۔ جس کی شدت کے باعث قریبی جنرل اسٹور میں آگ بھڑک اٹھی۔ اور دیگر 20 سے زائد دکانوں اور بعض گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ دھماکے سے خاتون سمیت چھ افراد جاں بحق جبکہ 33 زخمی ہوگئے۔ بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق دھماکے میں آٹھ سے دس کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جو موٹر سائیکل میں نصب تھا۔ دھماکے کے وقت مارکیٹ کی بیشتر دکانیں کھلی تھیں جبکہ ٹریفک روان دواں تھا اور رش کی وجہ سے زیادہ نقصان ہوا۔ دھماکے کے بعد لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی سینیر وزیر بشیر احمد بلور اور وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین اور مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی نگہت اورکزئی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور اور اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا دوسری جانب دھماکہ کی ایف آئی آر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت گلبہار پولیس اسٹیشن میں نا معلوم ملزمان کے خلاف درج کر لی گئی۔