20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 8:35
جنوبی کوریا کاپاکستانی سیلاب متاثرین کیلئے دولاکھ ڈالر امداد کااعلان
جنگ نیوز -
ٹوکیو…عرفان صدیقی…جنوبی کوریا میں پاکستان کے سفیر شوکت علی مقدم نے جنوبی کوریا کے اعلیٰ حکومتی حکام سے ملاقات کرکے پاکستان میں سیلاب زدگان کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے جنوبی کوریا کی حکومت سے متاثرین کی مدد کی درخواست کی ہے جس کے جواب میں جنوبی کوریا کی حکومت نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر دو لاکھ ڈالر کی ابتدائی امداد کا اعلان کیا ہے ، اس حوالے سے جنوبی کوریا میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری کیئے جانے والے اعلامیئے میں کہا گیاہے کہ جنوبی کوریا نے ابتدائی امداد کے طور پر پاکستانی سیلاب متاثرین کے لئے رہائشی ٹینٹ ، کمبل اور پانی کو پینے کے لیئے قابل استعمال بنانے کی ادویات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جسے فوری طور پر پاکستان روانہ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے جنوبی کوریا میں پاکستانی کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمیر کریم نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سفیر نے نہ صرف جنوبی کوریا کی حکومت سے سیلاب متاثرین کی مدد کی درخواست کی ہے بلکہ جنوبی کوریا کے اعلیٰ کاروباری اداروں کے سربراہوں اور جنوبی کوریا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے بھی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیئے رابطے کیئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کی حکومت نے ابتدائی طور پر دولاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے لیکن امیدہے کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے جنوبی کوریا کی حکومت عنقریب پاکستانی سیلاب زدگان کے لئے مزید امداد کا اعلان کرے گی ،جبکہ جنوبی کوریا کے کاروباری اداروں اور پاکستان کمیونٹی سے بھی کافی امداد جمع ہونے کی توقع ہے۔