20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 8:46
اورکزئی : فورسز کی کارروائی،18شدت پسند ہلاک،7غیر ملکی گرفتار
جنگ نیوز -
پشاور… اورکزئی ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں میں جھڑپ کے دوران ایک سیکیورٹی اہلکار جاں بحق اور 5زخمی ہوگئے جبکہ 18شدت پسند بھی مارے گئے ادھر جنوبی وزیرستان میں اسلحہ اور بارود سے بھرے 2ٹرک برآمد ہوئے ہیں ، 7غیر ملکیوں سمیت 14افراد گرفتار کرلیے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اپر اورکزئی ایجنسی کے علاقے ڈبوری میں سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں میں جھڑپ کے دوران ایک سیکیورٹی اہلکار جاں بحق اور 5اہلکار زخمی ہوگئے۔کارروائی میں 18شدت پسند بھی مارے گئے اور 13زخمی ہوگئے۔علاقے میں فورسز کے گن شپ ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ جاری ہے۔جس سے شدت پسندوں کے 4 ٹھکانے تباہ ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا کے علاقے وچا خوڑہ میں سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ اور بارود سے بھرے2 ٹرک برآمدکر لیے۔سرچ آپریشن میں 7غیر ملکیوں سمیت 14افراد کو بھی گرفتار کرلیاگیا ہے۔