20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 8:46
لاہور میں ڈینگی کے مزید2مریض چل بسے
جنگ نیوز -
لاہور… لاہور میں ڈینگی وائرس نے مزید دو افراد کی جان لے لی۔ شہر میں اب تک چھیالیس افراد اس بیماری کے ہاتھوں لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے حکومتی پالیسی پر عمل نہ کرنے والے نجی اسپتالوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔ لاہور میں ڈینگی وائرس سے اموات کا سلسلہ رکا نہیں۔ آج میو اسپتال میں بتیس سالہ خلیل اور پینتیس سالہ جاوید اقبال شامل ہیں۔ دونوں کو ڈینگی وائرس کی تصدیق کے بعد اسپتال لایا گیا تاہم ڈاکٹروں کی کوشش کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے۔ لاہور کے اسپتالوں میں رش میں کوئی کمی نہیں آئی۔جسے ہلکا بخار بھی ہو وہ خون ٹیسٹ کرانے اسپتال پہنچ جاتا ہے۔ مریضوں کے رشتہ داروں نے شکایت کی کہ حکومتی اعلانات کے باوجود ان کے علاقوں میں اسپرے کرنے کوئی نہیں آیا۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مچھر مار سپرے کرنے والے افراد کی تنخواہ 325 سے بڑھا کر 500روپے کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر سری لنکن ماہرین کے ورکنگ گروپ اور فالو اپ گروپ قائم کر دئیے گئے جو نا صرف سرکاری اسپتالوں کا دورہ کریں گے بلکہ شہر کے مختلف علاقوں سے پانی کے نمونے بھی حاصل کریں گے۔