20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:22
اسلام آباد میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی مذاکرات
جنگ نیوز -
اسلام آباد… پاکستان اور امریکا کے درمیان دو روزہ تجارتی مذاکرات اسلام آباد میں شروع ہوگئے ،سیکرٹیری تجارت ظفرمحمود کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں پرائیویٹ سیکٹر ایڈوائرزی کونسل اور دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی ۔ اسلام آباد میں ہونے والے تجارتی مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹیری تجارت ظفرمحمود اور امریکی وفد کی سربراہی امریکی نائب تجارتی نمائندے مائیکل جے ڈیلنے کررہے ہیں۔مذاکرات میں امریکی منڈیوں تک رسائی کے معاملے بھی بات چیت کی جارہی ہے۔مذاکرات سے پہلے میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے سیکرٹیری تجارت نے کہا کہ امریکا پاکستان کا بڑا تجارتی پارٹنر ہے،امریکا کے ساتھ دس سال کے دوران باہمی تجارت دگنا ہوکر 5.3 بلین ڈالر سالانہ تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے دوران تجارت میں 2 ارب ڈالر کا اضافہ ہوگا۔سیکرٹیری تجارت نے کہا کہ امریکا اقتصادی مواقع زونز کے قیام کا وعدہ پورا کرے۔امریکی نائب تجارتی نمائندے مائیکل ڈیلنے نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت کا فروغ حوصلہ افزاء ہے، پاکستان کے ساتھ 2009 کے مقابلے میں گزشتہ سال تجارت میں 11 فیصد اضافہ ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔