20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:22
فلسطینی ریاست کا قیام ہی اسرائیلی سکیورٹی کی ضمانت ہے ،امریکی اخبار
جنگ نیوز -
واشنگٹن …جنگ نیوز…ایک امریکی اخبار نے فلسطینی ریاست کے قیام کو وقت کی سب سے بڑی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی چاروں طرف سے مسائل میں گھرا ہوا ہے ،موجودہ صورت حال میں اسرائیلی فلسطینی تنازعہ کا واحد حل دو ریاستوں کا قیام ہے۔کرسچین سائنس مانیٹر اخبار نے اپنے ایک ادارتی کالم میں لکھا ہے کہ دو ریاستوں پر مبنی حل کے معاہدے سے نہ صرف اسرائیل کی سکیورٹی کی ضمانت حاصل ہو جائے گی بلکہ فلسطینیوں کو ایک خود مختار ملک بھی مل جائے گا۔ تاہم فی الحال اِس کے امکانات بہت زیادہ روشن نظر نہیں آتے۔عرب ممالک یکے بعد دیگرے آمریت کے چنگل سے نکل کر جمہوریت کے حصول کی جدوجہد کر رہے ہیں اور علاقے کے سب سے بڑے جمہوری ملک اسرائیل کو مختلف مسائل کا سامنا ہے۔ اخبار کے مطابق فی الوقت سب سے بڑا مسئلہ اقوامِ متحدہ میں فلسطین کی رکنیت کا ہے۔فلسطینی صدر عباس کا موٴقف ہے کہ اِس طرح اسرائیل فلسطینی امن سمجھوتے کے لیے مثبت امکانات پیدا ہوں گے اور فلسطینی مساوی بنیادوں پر اسرائیل سے مذاکرات کرسکیں گے، جب کہ امریکہ کا خیال ہے کہ فلسطین کو مملکت کا درجہ دینے کے لیے کوئی سیدھا اور مختصر راستا موجود نہیں ہے اور اِس طرح مذاکرات میں مزید پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔امریکی کانگریس کی اکثریت اسرائیل نواز ہے اور اس کے ارکان کہتے ہیں کہ اگر اقوامِ متحدہ میں فلسطین کی رکنیت تسلیم کرلی گئی تو فلسطینیوں کے لیے امریکی امداد ختم کردی جائے گی۔ دوسری طرف اِس طرح کے اقدامات سے امریکہ اورعرب دنیا کے تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔اِس سارے سیاسی تناظر میں کلیدی نکتہ یہ ہے کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان ایسا امن سمجھوتا ہوجائے جس میں ایک دوسرے کے وجود اور سلامتی کی ضمانت دی گئی ہو۔