20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:22
اسرائیلی وزیراعظم کی فلسطینی صدر کو براہ راست مذاکرات کی پیشکش
جنگ نیوز -
اقوام متحدہ…جنگ نیوز… اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نتن یاہو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اہم اجلاس کے موقع پر فلسطینی رہنما محمود عباس کو براہ راست مذاکرات کی دعوت دی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے صدر محمود عباس سے کہا کہ وہ وقت ضائع کئے بغیر اسرائیل سے مذاکرت کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ محمود عباس سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ نیویارک میں براہ راست مذاکرات کا آغاز کریں جو یروشلم اور رملّہ میں بھی جاری رہیں۔ اس سے قبل فلسطینی رہنما محمود عباس نے کہا تھا کہ وہ نتن یاہو سے ملاقات کرنے پر رضامند ہیں تاہم انہوں نے اقوام متحدہ کی جانب سے فلسطین کو ادارے کی مکمل رکنیت دیے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ امریکا اور اسرائیل نے فلسطین کی جانب سے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطین کیلئے علیحدہ نشست کی درخواست کے اقدام کی مخالفت کی ہے۔ اسرائیل اور امریکہ کا کہنا ہے کہ فلسطین کا قیام صرف براہ راست مذاکرت سے ممکن ہے تاہم فلسطینی قیادت کا مؤقف ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی اس سوچ نے انہیں کہیں کا نہیں رکھا۔ مبصرین نے فلسطین کو دی جانے والی مذاکرات کی دعوت کو محمود عباس کی جانب سے فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دیئے جانے کی کوشش کو روکنے کی کوشش قرار دیا ہے۔