20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:35
ملتان،طلباء پر تشدد کی ویڈیومنظر عام پر، متاثرہ طلباء کے ساتھیوں کا احتجاج
جنگ نیوز -
ملتان… ملتان میں بہاوٴ الدین زکریا یونیورسٹی کے ہاسٹل میں دو طلباء کو برہنہ کر کے تشدد کرنے کی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد تشدد کا نشانہ بنانے والے طلباء نے رات گئے ہاسٹلز تمام طلباء سے خالی کروا لئے دوسری جانب اس واقعہ کی مذمت میں متاثرہ طلباء کے ساتھیوں نے احتجاج کیا۔ گزشتہ روز جیو نیوز پر بہاوٴ الدین زکریا یونیورسٹی کے ہاسٹل میں برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی خبر نشر ہونے کے بعد ایک طلباء تنظیم نے تمام ہاسٹلز کو خالی کروا دیا اور فوٹیج جعلی قرار دیتے ہوئے احتجاجا کئی گھنٹے تک یونیورسٹی میں دھرنا دئیے رکھا اس دوران پولیس کی بھاری تعداد بھی یونیورسٹی میں موجود رہی تا کہ کسی قسم کا کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آئے تاہم چند طلبا کچھ گھنٹوں بعد اپنے ہاسٹلز میں واپس چلے گئے۔دوسری جانب متاثرہ طالب علم وسیم عباس اپنا کمرہ چھوڑ چکا ہے جبکہ دوسرا متاثرہ طالب علم حسن علی اپنے والد کی وفات کے بعد اپنے آبائی علاقہ جا چکا ہے ۔ اس واقعہ کے خلاف آج دونوں طلبا وسیم عباس اور حسن علی کے ساتھی طلباء نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی تشدد کی ویڈیو پر نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو فوری طورپر اس کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔