20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:35
چین: مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 57 ہو گئی
جنگ نیوز -
بیجنگ…جنگ نیوز… چین میں مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ہلاکتوں کی تعداد 57 ہو گئی ہے۔ درجنوں افراد زخمی و لاپتہ ہیں جبکہ 10 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔چین کی وزارت شہری امور کے بیان کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے سے جاری بارشوں سے ملک کے شمالی، وسطی اور جنوب مغربی حصے شدید متاثر ہوئے ہیں۔بارش کا سلسلہ کچھ تھمنے سے اگرچہ لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ہے تاہم دریاؤں میں طغیانی آ گئی ہے۔ بارشوں کی وجہ سے حکام کو 12 لاکھ کے قریب افراد کو انکے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔جنوب مغربی صوبہ سچوان اور بازھونگ کا علاقہ بُری طرح متاثر ہوا ہے، جہاں مقامی حکومت کے ترجمان نے سرکاری اخبار چائنہ ڈیلی کو بتایا کہ 13 افراد ہلاک اور 10 لاپتہ جبکہ 156 زخمی ہو گئے ہیں۔ہفتے کے اختتام پر سچوان کے دازہو اور گوان گان علاقوں سے 60 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے احکامات جاری کئے گئے تھے۔