20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:35
روس شام کیخلاف سلامتی کونسل کے سخت بیان کی حمایت کرے ،ہیلری کلنٹن
جنگ نیوز -
نیو یارک…جنگ نیوز… امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے روس پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شامی حکومت کی طرف سے مظاہرین کیخلاف کریک ڈاؤن پر سخت بیان جاری کرنے کی حمایت کرے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سینئر امریکی حکام کے مطابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے ملاقات میں سلامتی کونسل کے شام کیخلاف ایک سخت بیان سے متعلق اپنے موقف کا اظہار کیا۔ دونوں وزراء خارجہ کی ملاقات بدھ کو نیو یارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل ہوئی ہے۔ایک امریکی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر صحافیوں کو بتایا کہ روس کو بھی شام کی صورتحال اور پرتشدد واقعات پر تشویش ہے۔اہلکار کے مطابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے روسی ہم منصب سے کہا ہے کہ وہ شام کیخلاف سلامتی کونسل کے سخت بیان کی حمایت کریں کیونکہ وہ نہیں سمجھتیں کہ اس قسم کے ناقابل برداشت تشدد پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو خاموش رہنا چاہئے۔تاہم اہلکار نے یہ نہیں بتایا کہ سلامتی کونسل کا شام کے حوالے سے کسی قسم کا بیان جاری ہونا چاہئے، سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ روس نے گزشتہ ماہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں شام پر ایک قرارداد پیش کی تھی جس میں صدر بشارالاسد پر مظاہرین کیخلاف کریک ڈاؤن کرنے پر پابندیاں عائد کرنے کی مخالفت کی گئی تھی۔