20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:35
یمن میں تمام فریقین ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں،امریکا
جنگ نیوز -
صنعا…جنگ نیوز… امریکا نے یمن میں پرتشدد واقعات کے پیش نظر تمام فریقین کے لئے ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ یمن میں امریکی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق واشنگٹن امید کرتا ہے کہ صنعاء میں اقتدار کی پرامن تبدیلی آئے گی اور صدر صالح سے ان کے نائب کو اختیارات منتقل کرنے سے متعلق خلیج تعاون کونسل کے اقدام پر ایک ہفتے کے اندر اندر اتفاق رائے طے پا جائے گا۔بیان میں دارالحکومت صنعاء میں احتجاجی مظاہروں کے دوران پرتشدد واقعات میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اس کشیدہ صورتحال میں ہمارا تمام فریقین سے مطالبہ ہے کہ وہ ضبط و تحمل سے کام لیں۔یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حقوق انسانی کارکنوں اور اسپتال ذرائع کے مطابق گزشتہ دو روز میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران کم از کم 53 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔