20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 14:20
کراچی اسٹاک میں تیزی انڈیکس 11500پوائنٹس کی حد عبور کرگیا
جنگ نیوز -
کراچی...کراچی اسٹاک ایکس چینج میں کئی روز بعد تیزی رہی اور انڈیکس گیارہ ہزار پانچ سو پوائنٹس کی حد عبور کرگیا۔ منگل کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور یہ رحجان تمام دن برقرار رہا۔ نئی مانٹیری پالیسی میں ڈسکاؤنٹ ریٹ میں کمی کی خبروں پر سرمایہ کار مارکیٹ میں سرگرم نظر آئے۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 166 پوائنٹس اضافے کیساتھ11 ہزار522 پوائنٹس پر بند ہواجبکہ کاروباری حجم 4 کروڑ 92 لاکھ شیئرز رہا۔ سب سے زیادہ کام بینک آف پنجاب کے شیئرز میں ہواجس کی قیمت 31 پیسے اضافے کے ساتھ 6 روپے 33 پیسے ہوگئی۔ دوسری جانب کے ایس ای تھرٹی انڈیکس 122 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 11 ہزار55 پوائنٹس پر بند ہوا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ میں یہ رحجان مزید ایک دو دن جاری رہ سکتا ہے۔