20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 14:46
مستونگ کے قریب زائرین پر فائرنگ،ہلاک شدگان کی تعداد26ہو گئی
جنگ نیوز -
کوئٹہ...مستونگ کے قریب لک پاس کے مقام پر مسلح افراد نے زائرین کو بس سے اتار کر ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں ہلاک شدگان کی تعداد26ہو گئی اور ہلاک شدگان میں اضافے کا خدشہ ہے ،بس ڈرائیور کے مطابق بس میں50سے60افراد سوار تھے جو زیارت کے غرض سے ایران جا رہے تھے زائرین میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے ۔ذرائع کے مطابق مسلح افراد موٹر سائیکلوں پر سوار تھے انہوں نے زائرین کو بس سے اتار کر ایک لائن میں کھڑا کیا اور پھر ان پر فائرنگ کردی مسلح افراد5سے دس منٹ تک فائرنگ کی۔اسسٹنٹ کمشنر مستونگ نے26افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے اور ہلاک شدگان میں اضافے کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے ۔زخمی اور ہلاک شدگان کو بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا جارہا ہے ۔زائرین کی بس کوئٹہ سے تفتان جارہی تھی۔ڈپٹی کمشنرکوئٹہ کے مطابق ریسکیوٹیمیں جائے وقوع پرپہنچ گئی ہیں۔پولیس اوردیگرقانون نافذکرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا ہے۔