20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 17:35
توانائی کانفرنس،دو چھٹیوں سمیتبجلی بچت کی تجاویز دی جائیں گی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک میں 2500 میگا واٹ بجلی بچانے کیلئے توانائی کانفرنس 27 ستمبر کو ہوگی جس میں ہفتہ وار دو چھٹیوں، بجلی کے نرخ 12 سے 14 فیصد بڑھانے اور صدر،وزیراعظم سیکرٹریٹ سمیت تمام سرکاری دفاترمیں بجلی کااستعمال پچاس فیصدکم کرنیکی تجاویزپیش کی جائیں گی۔ منصوبہ بندی کمیشن کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کی سربراہی میں ہونیوالی کانفرنس میں چاروں وزرائے اعلیٰ اورآزادکشمیرکے وزیراعظم شرکت کریں گے۔ اجلاس میں صنعتی شعبہ کے لئے ہفتہ وار ایک چھٹی، نئی رہائشی اسکیموں میں شمسی لائٹس، شمسی گیزر کی تنصیبات کے فروغ کے علاوہ صدروزیراعظم سیکرٹریٹ سمیت تمام وفاقی اور صوبائی وزارتوں اور سرکاری اداروں میں صبح 11 بجے سے پہلے ایئر کنڈیشنز چلانے پر پابندی عائد کرنے کی تجاویز دی جائے گی۔ اشتہاری بورڈ اور ٹیلی کام ٹاور، شادی ہال اور بجلی کے کھمبے شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی تجویز دی جائے گی۔ سجاوٹ کی لائٹس پر پابندی اور شام کے اوقات میں ٹیوب ویل چلانے پر پابندی عائد کرنیکی تجویز بھی دیئے جانے کاامکان ہے۔ ذرائع کے مطابق کانفرنس کی تاریخ میں وزیر خزانہ کے دورہ امریکا کے لحاظ سے تبدیلی بھی ہوسکتی ہے۔