20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 17:35
امریکن قونصلیٹ کا بدین میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ
جنگ نیوز -
بدین…قائم مقام امریکن قونصلیٹ جنرل جیسن نائٹ نے کہا ہے کہ امریکا نے ہمیشہ مشکل کی گھڑی میں پاکستانیوں کی مدد کی ہے اور اس وقت بھی متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لئے تیا رہے۔بارشوں سے متاثرہ علاقے بدین کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امریکن قونصلیٹ جنرل جیسن نائٹ نے کہا کہ متاثرین کی حالت زار دیکھ کر انہیں انتہائی افسوس ہوا ہے لیکن وہ پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر ان کے مسائل حل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ یو ایس ایڈ کے کنٹری ڈائریکٹر اینڈریو سیشن کا کہنا تھا کہ یو ایس ایڈ پروگرام کے تحت 50 ہزار خاندانوں کو خوراک اور پانچ ہزار افراد کو طبی امداد دی جارہی ہے اس کے علاوہ خیمے اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہے۔ اس موقع پر یو ایس ایڈ کے وفد نے ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ میں واقع ریلیف کیمپ کا بھی دورہ کیا اور متاثرین میں امداد تقسیم کی۔