20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:8
سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے صدر زرداری سے کھلاڑیوں کی ملاقات
جنگ نیوز -
کراچی…سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے کھلاڑیوں کے وفد نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی،لیکن سابق کپتان شاہد آفریدی کی صدر سے علیحدگی میں ملاقات نہ ہوسکی، کھلاڑیوں کے 30رکنی وفد نے صدر مملکت سے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی،اس ملاقات میں پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ، جاوید میانداد، محسن خان، شاہد آفریدی،اولمپین حنیف خان اور اولمپین سمیع اللہ سمیت کئی نامور کھلاڑی شریک تھے۔صدر سے گفتگو میں کرکٹرز نے زور دیا کہ لاہور میں ہونے والا نیشنل ٹی ٹوئینٹی ٹورنامنٹ کراچی منتقل کروادیا جائے تاکہ اس دوران مختلف پروگرامز کے ذریعے زیادہ سے زیادہ فنڈز جمع کئے جاسکیں،لیکن چیئرمین پی سی بی نے واضح کیا کہ لاہور میں انتظامات مکمل ہیں ایونٹ کو کراچی منتقل کرنا آسان نہیں۔صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات کے دوران مصباح الیون، اور آفریدی الیون کے درمیان فلڈ ریلف میچ کرانے کی بھی تجویز دی گئی،مشیر کھیل حلیم عادل شیخ نے صدر سے اعجاز بٹ اور شاہد آفریدی کے درمیان دوریاں ختم کرنے کی بھی بات کی ، جس پر صدر نے کوئی جواب نہیں دیا صرف مسکرادیئے۔