20 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:58
کراچی :گھریلوصارفین کیلئے گیس لوڈشیڈنگ کانوٹس لیاجائے ،متحدہ
جنگ نیوز -
کراچی …متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کراچی میں سوئی گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوراسے کراچی کے شہریوں پرظلم اور کھلی ناانصافی قراردیاہے۔ایک بیان میں اراکین قومی اسمبلی نے کہاکہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے شہرمیں گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے کراچی کے گھریلوصارفین کوشدیدمشکلات اورپریشانیوں کاسامناہے جبکہ گیس کی لوڈشیڈنگ سے صنعتی وتجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف وفاقی حکومت کی جانب سے گیس کے نرخوں میں اضافے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں جبکہ دوسری طرف کراچی میں گھریلو صارفین کوگیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نشانہ بنایاجارہاہے جس سے کراچی کے شہریوں میں شدیدبے چینی اورتشویش پائی جارہی ہے۔ کراچی میں پہلے ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ ،تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی اورامن وامان کی صورتحال نے شہریوں کی زندگی اجیرنً بنادی ہے جبکہ وفاق کی جانب سے سوئی گیس کے نرخوں میں مزید اضافے کااثربھی برائہ راست غریب گھریلوصارفین پرپڑے گااوران کے روزمرہ کے معمولات زندگی بری طرح متاثرہونگے ۔انہوں نے کہاکہ سوئی سدرن گیس اورکراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی آپس کے تنازے سے شہرمیں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانئیے میں10سے 12 گھنٹے کااضافہ ہوگیاہے جس کے باعث کراچی کے شہری ناکردہ گناہوں کی سزابھگت رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سوئی سدرن گیس کمپنی اور کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی اپنے معاملات خودطے کریں جبکہ شہریوں کوگیس کی لوڈشیڈنگ میں مبتلاکرناکسی صورت درست نہیں۔ کراچی کے شہریوں کی جانب سے ہرماہ گیس کے بل کی باقاعدگی سے ادائیگی کے باوجودگیس کی سہولت سے محروم کرنا ان کے ساتھ ظلم اورکھلی ناانصافی ہے جس کی جنتی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ گھریلو صارفین کی جانب سے متعددبارمتعلقہ ادارے کوآگاہ کرنے کے باوجودشہریوں کوگیس کی فراہمی یقینی بنانے کے بجائے مسلسل ہٹ دھرمی کامظاہرہ کیاجارہاہے جس کے باعث عوام میں شدیدبے چینی اور تشویش پائی جارہی ہے۔ اراکین قومی اسمبلی نے صدرآصف علی زرداری، وزیر اعظم سیدیوسف رضاگیلانی اوروفاقی وزیرپیٹرولیم ڈاکٹرعاصم حسین سے مطالبہ کیاہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی انتظامیہ کی جانب سے کراچی میں گھریلوصارفین کیلئے گیس کی لوڈشیڈنگ کانوٹس لیاجائے ،کراچی میں گیس کے نرخوں میں کراچی کے صارفین کومزید مہنگائی کی طر ف دھکیلنا میں نا مناسب ہے لہٰذا ایسے میں صارفین کو گیس کی فراہمی ہر ممکن یقینی بنائی جائے۔دریں اثناء متحدہ لائرفورم نے کراچی بارکوآپریٹوہاؤسنگ سوسائٹی کے انتخابات میں متحدہ لائرزکے نامزدامیدواربرائے مینجنگ کمیٹی سیدمحمدرضاایڈووکیٹ اورشفیق پینل کے کامیاب امیدواروں کودلی مبارکبادپیش کی ہے اورامیدکی ہے کہ کراچی بارکوآپریٹوہاؤسنگ کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدواربلاامتیاز،رنگ ونسل اورزبان ومذہب وکلاء برادری کی فلاح وبہبودکیلئے بڑھ چڑھ کرکام کرینگے۔واضح رہے کہ کراچی بارکوآپریٹوہاؤسنگ سوسائٹی کے انتخابات میں شفیق گروپ نے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے اس پینل میں سیدمحمدرضاایڈووکیٹ متحدہ لائرزفورم کی جانب سے نامزدامیدوارتھے۔