5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
عطاآباد جھیل کی سطح میں اضافہ، پانی کا اخراج 10987کیوسک ہوگیا
جنگ نیوز -
ہنزہ . . . عطاآباد جھیل کے اسپل وے میں دھماکوں کے بعداسپل وے سے پانی کااخراج10987کیوسک ہوگیاہے جبکہ جھیل کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث گلمت اور ششکٹ میں مزید چھ گھر زیر آب آگئے ہیں۔عطاآباد جھیل کے اسپل وے میں گزشتہ روز دھماکا کرکے پانی کے اخراج میں رکاوٹ بننے والے پتھروں کوہٹائے جانے کے بعد اسپل وے میں پانی کا بہاؤ10987تک پہنچ گیاہے۔ادھرہنزہ میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے کے بعد گلیشئیرز کے پگھلنے سے جھیل کی سطح میں اضافہ ہوگیاہے جس کے باعث گلمت اور ششکٹ میں مزیدچھ گھرڈوب گئے ہیں۔حکام کاکہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں عطاآباد جھیل کے اسپل سے پانی کے اخراج کے نتیجے میں جھیل کی سطح بتدریج کم ہوگی۔اسپل وے میں گزشتہ روز کی گئی کارروائی کے بعد آج حکام اسپل وے کی صورتحال کاباریک بینی سے جائزہ لیں گے۔ادھر گلگت اور ہنزہ میں موسم صاف ہے اور متاثرین کے لئے ہیلی سروس جاری ہے جبکہ شاہراہ قراقرم کا گلگت ہنزہ سیکشن بھی سہ پہر چار بجے تک کھلارہے گا۔