5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
عطاآباد جھیل سے پانی کا اخراج ساڑھے15ہزار کیوسک پر برقرار
جنگ نیوز -
ہنزہ…عطا آباد جھیل کے اسپل وے کو چوڑا کرنے کے لئے متاثرین گوجال کی جانب سے دی جانے والی ڈیڈلائن آج شام تک ختم ہوجائے گی اور متاثرین نے کل اسپل وے کی طرف آنے کا اعلان کر دیا۔18 اور 19جون کو تحصیل گوجال اور علی آباد میں عطا آباد جھیل کے اسپل وے کو چوڑا نا کیے جانے کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا۔اس دوران پولیس کے ساتھ مظاہرین کی جھڑپیں بھی ہوئی تھی جبکہ متاثرین نے اسپل وے پر جاکر از خود اسے چوڑا کرنے کا کام شروع کیا تھا۔صورت حال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے متاثرین کے ساتھ مذاکرات کیے؛ جس میں یہ طے پایا تھا کہ اسپل وے کے درمیان موجود بولڈرز اور اسپل وے کے دونوں اطراف میں بڑے بڑے پتھروں کو ہٹانے کے لئے ڈائنامائٹ کا استعمال کیا جائے گا اور 28 جون تک اسپل وے کو اتنا چوڑا کردیا جائے گا کہ اس میں سے 30 سے 40ہزار کیوسک پانی کا اخراج ممکن ہو؛تاہم آج شام تک یہ ڈیڈ لائن ختم ہوجائے گی، جبکہ اب تک اسپل وے سے پانی کا اخراج 16ہزار کیوسک تک بھی نہیں پہنچ سکا ہے جس کے بعد متاثرین گوجال نے احتجاجی تحریک ایک مرتبہ پھر شروع کرنے اور بیلچے لیکر اسپل کو چوڑا کرنے کا کام کل سے خود شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔مظاہرین کا دعویٰ ہے کہ کل کشتیوں کے ذریعے اسپل وے کی طرف آنے والی بیلچہ بردار ریلی میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔متاثرین گوجال نے اپنی اس دھمکی کو ایک بار پھر دہرایا ہے کہ کل سے روزانہ کی بنیاد پر پانچ آئی ڈی پیز کفن پہن کر جھیل میں کود کر اپنی زندگیوں کا خاتمہ کریں گے جس کی تمام تر ذمے داری موجودہ حکومت پر عائد ہوگی۔دوسری جانب سامان کی نقل و حمل کے لئے کشتی سروس جاری ہے۔