5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
پاک بھارت تجارت کا فائدہ تیسرا ملک اٹھا رہا ہے،عارف حبیب
جنگ نیوز -
کراچی…اسٹاک مارکیٹ ممبر اور بینکار عارف حبیب کا کہنا ہے کہ پاک۔ بھارت تجارتی فروغ کے لیے پہلے مرحلے میں پاکستانی مالیاتی ادروں کو بھارت میں سرمایہ کاری کی اجازت دینی چاہیے۔کراچی اسٹاک ایکس چینج کے سینئر ممبر عارف حبیب نے بھارت میں منعقد ہونے والی امن کی آشا کانفرنس سے واپسی کے بعد جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ پاک ۔بھارت کے درمیان تجارت کا بڑا حصہ دبئی کے ذریعے ہوتا ہے جس کا فائدہ تیسرا ملک اٹھارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک۔ بھارت کے درمیان ماضی میں بینکاری اور دیگر شعبوں سے متعلق صرف بات چیت ہی ہوئی ہے لیکن عملی طور پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ۔ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت تعلقات کے فروغ کے لیے پہلے مرحلے میں پاکستانی مالیاتی اداروں کو بھارت میں سرمایہ کاری کی اجازت دی جائے، جبکہ دوسرے مرحلے میں بھارتی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اجازت دی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ امن کی آشا دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہے، جبکہ مستقبل بنیاد پر بہتری کے لیے سیاسی سطح پر پیش رفت ضروری ہے۔