5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
رواں برس کراچی میں6سو افراد ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہوئے،رپورٹ
جنگ نیوز -
کراچی…فارن ڈیسک…رواں برس کی نصف مدت میں کراچی میں 6سو افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔کراچی میں یہ تعداد 2009کے مقابلے میں دوگنی ہے۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق کراچی میں ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان کے سب سے بڑے شہر میں لوگوں کو سرعام سڑکوں پر قتل کیا جارہا ہے۔ اس قتل عام میں مذہبی گروپس اور سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے گروہوں کو ملوث بتایا جاتا ہے۔اخبار کے مطابق رواں برس کے نصف دورانیے میں6سو افراد کا قتل 2009کے پورے سال کے مقابلے میں دوگنی تعداد کا حامل ہے۔ایک کروڑ 80لاکھ کے اس شہر کو لا قانونیت کی لہر نے مفلوج کردیا ہے جہاں پولیس بے بس، مذہبی کشمکش میں اضافہ اور سیاسی دھڑوں کی نسلی تقسیم بندیاں زوروں پر ہیں۔رپورٹ کے مطابق تشدد کی یہ کارروائیاں پریشان کن ہیں جس نے ملک بھر میں تشویش کی لہر پیدا کر دی ہے۔ اخبار نے پاکستان کے سابق انٹیلیجنس کے چیف کے حوالے سے بتایا کہ سیاسی حکومتوں کے درمیان متصادم مفادات،کمزور پالیسیوں اور کمزور سیاسی ارادوں نے کراچی میں کینسر کی طرح پھیلتے فرقہ واریت،لسانیت اور مافیاز کا سد باب کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا۔ پاکستان میں جرائم کوئی مقامی مسئلہ نہیں ہے۔ شہر کی افراتفری قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن اور امریکی میزائل حملوں سے فرار طالبان اور القاعدہ کے رہنماوٴ ں کو چھپنے کی جگہ فراہم کرتا ہے۔