5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
کرپشن کی تحقیقات میں کرزئی حکومت رکاوٹ ہے، امریکا
جنگ نیوز -
کابل . . . فارن ڈیسک . . . امریکی اعلیٰ حکام نے کہا ہے افغانستان میں کرپشن کی تحقیقات میں کرزئی حکومت رکاوٹ ڈال رہی ہے جب کہ کرزئی کے ترجمان نے اس بات کی تردید کر دی ۔امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ کے مطابق افغانستان کے صدر حامد کرزئی کی حکومت میں شامل اعلیٰحکام افغانیوں کے ساتھ تعلق کی بنا پر کرپشن کے کیسز کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔ امریکا نے کرپشن کے خاتمے کے لیے افغان حکام کو جدید ٹیکنالوجی اور دیگر معاون آلات فراہم کیے ہیں۔ امریکاکا کہنا ہے کہ افغان پراسیکیوٹر اور دیگر افغان تحقیق کاروں کو حکم دیا جاتا ہے کہ وہ ان فائلوں سے افغان اعلی حکام کے نام مٹادیں جو ان کیسز میں ملوث ہیں تاکہ ان کوگرفتاری اور بدنامی سے بچایا جا سکے۔امریکی عہدے دار کے مطابق ایک خاص سطح تک اس تحقیق میں لوگوں کو بچایا جا رہا ہے۔ جب کہ حامد کرزئی کے ترجمان نے تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے والے اقدام کی تردید کی ہے۔