5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کابل:افغانستان سے متعلق عالمی ڈونرز کانفرنس
جنگ نیوز -
کابل… افغانستان کے لیے عالمی ڈونرز کانفرنس کابل میں شروع ہو گئی ہے۔کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ کانفرنس کی صدارت افغان صدر حامد کرزئی اور اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری بان کی مون کررہے ہیں۔ امریکی وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن ،پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور بھارتی وزیرخارجہ سمیت متعدد ممالک کے رہنما ڈونرز کانفرنس میں شریک ہیں۔ کانفرنس میں ستر عالمی رہنماوٴں سمیت چالیس ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔کانفرنس میں افغانستان میں ترقیاتی منصوبوں، امن کے قیام کے اقدامات اور امداد کا اعلان کیا جائے گا۔ افغانستان سے غیر ملکی فوج کے انحلا کی حکمت عملی اور ٹائم فریم سمیت اختیارات کی افغان حکومت کو منتقلی کانفرنس کے اہم موضوعات ہوں گے۔دوسری جانب ڈونرز کانفرنس سے قبل کابل میں دھماکوں کی آواز سنی گئی۔ افغان حکام کا کہنا ہے کہ دھماکوں کی نوعیت کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ نیٹو فوج کے حکام نے بھی دھماکوں کی تصدیق کردی ہے۔