5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:45
سہارا اور یوتھ پارلیمنٹ سیلاب زدگان کی امدد میں ایک ساتھ ہیں،ابرار الحق
جنگ نیوز -
کراچی....فرقان احمد یوسفی … گلوکار ابرار الحق نے کہا ہے کہ یوتھ پارلیمنٹ کے قیام کا مقصد سماجی شعبے میں انقلاب لانا ہے۔ سہارا اور یوتھ پارلیمنٹ باہم مشترکہ طور پر سیلاب زدگان کی مدد کررہے ہیں۔ وہ کراچی پریس کلب میں سہارا کے جنرل سیکرٹری شہباز شیخ اور میجر اسرار الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سہارا ایک رفاعی ادارہ ہے جس کی بنیاد نارووال میں 200 بستروں کے اسپتال کے قیام کی بنیاد رکھ کر کی گئی، زلزلے کے بعد سیلاب میں سب سے پہلے ہم نے لاہور سے اپنے امدادی کاموں کا آغاز کیا، مظفر گڑھ میں کیمپ لگائے اور ان میں راشن کا اہتمام کیا، اس وقت ملک میں 19جگہوں پر ہم نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے کیمپس لگائے ہیں جن میں 70 ہزار لوگوں کو رکھا گیا، ان کمیپوں میں سے تین کیمپ سندھ میں لگائے ہیں، سندھ کا پہلا کیمپ ہاکس بے پر مشرف کالونی میں لگایا گیا جس میں 750 لوگ موجود ہیں جنہیں دواوٴں سمیت خوراک پہنچائی جارہی ہے۔ ملتان میں لگایا گیا کیمپ ہم بند کرنے جارہے ہیں کیونکہ کیمپ کے مقیم لوگ اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس عید تک کا راشن موجود ہے لوگوں سے فنڈ ریزنگ کی مد میں اب تک 16کروڑ مل چکے ہیں، میری لوگوں سے اپیل ہے کہ امداد کا یہ سلسلہ نہیں رکنا چاہیے کیونکہ سیلاب زدگان کو ایک سال تک مدد کی ضرورت رہے گی اور متاثرہ علاقے کی زمین ایک سال تک کاشت کے قابل نہیں رہے گی۔ انہوں نے کراچی کے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم نے سندھ میں اپنی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کیا تو سب سے پہلا چیک کراچی سے موصول ہوا، مجھے خوشی ہے کہ ہاکس بے پر قائم کیمپ میں خوراک کا تمام تر اہتمام کراچی کے لوگ از خود کررہے ہیں جس سے ہمیں سیلابی امدادی کاموں میں بڑی مدد مل رہی ہے۔